Baaghi TV

زیارت میں فتںہ الہندوستان کے خلاف عوامی ریلی،ہزاروں افراد شریک

بلوچستان کے ضلع زیارت میں کالعدم تنظیم فتنہ الہندوستان (کالعدم بی ایل اے) کے خلاف ایک بڑی عوامی ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں کی ہزاروں کی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے بھارتی پراکسی قرار دی جانے والی کالعدم تنظیم کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور بلوچ شہریوں پر ہونے والے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ریلی کا آغاز زیارت شہر کے مرکزی چوک سے ہوا جو مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی ضلعی پریس کلب کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر دہشت گردی کے خلاف اور بلوچستان میں امن و استحکام کے حق میں نعرے درج تھے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ کالعدم بی ایل اے اور اس کے سہولت کاروں کا عام بلوچ کے حقوق سے کوئی تعلق نہیں بلکہ ان کا مقصد صوبے میں خوف و ہراس پھیلانا اور بلوچستان کی تعمیر و ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنا ہے۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ عوام تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی چاہتے ہیں جبکہ تخریب کار عناصر بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر بدامنی کو فروغ دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں، مزدوروں اور سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنانا کسی بھی صورت بلوچ روایات اور اقدار کے مطابق نہیں۔ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاستی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ “ان بھارتی کارندوں کے خلاف جنگ میں ہم بلوچ، اور بلوچ ملک کے ساتھ کھڑے ہیں” اور کسی کو بھی صوبے کے امن کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔شرکاء نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ نوجوان نسل کو مثبت مواقع فراہم ہوں اور دشمن قوتوں کے عزائم ناکام بنائے جا سکیں۔

ریلی کے اختتام پر امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی جبکہ انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

More posts