Baaghi TV

قصور میں مین ہول میں گر کر تین سالہ بچہ جاں بحق


پنجاب میں کھلے گٹروں کے باعث ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آ گیا۔ قصور کے علاقے مصطفیٰ آباد میں شادی ہال کے احاطے میں موجود کھلے سیوریج نالے میں گر کر تین سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔
‎تفصیلات کے مطابق کمسن علی اپنے والدین کے ساتھ ایک ولیمے میں شرکت کے لیے آیا تھا کہ اچانک شادی ہال میں موجود کھلے گٹر میں گر گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق وہاں موجود افراد نے بچے کو فوری طور پر نکال کر اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
‎ذرائع کا کہنا ہے کہ شادی ہال میں سیوریج کا مین ہول کھلا ہوا تھا، جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ کمسن بچے کی موت سے خوشیوں کا ماحول ماتم میں بدل گیا اور اہلِ خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔
‎واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر غلام فاطمہ موقع پر پہنچ گئیں اور شادی ہال کو فوری طور پر سیل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ ڈپٹی کمشنر قصور آصف رضا نے بتایا کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ مین ہول کا سلیب پہلے سے غائب تھا یا بعد میں ہٹایا گیا۔
‎حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

More posts