Baaghi TV

تیراہ میں ایف سی کی بروقت کارروائی،برقعہ پہن کر فرار ہونے والے خوارج گرفتار

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل تیراہ میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے برقعہ پہن کر فرار ہونے والے خوارج کو گرفتار کرلیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں جاری آپریشن سے گھبرا کر خوارج نے خواتین کا بھیس بدلنے کے لیے برقعہ استعمال کیا اور آئی ڈی پیز کیمپ کی جانب بزدلوں کی طرح فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم فرنٹیئر کور (ایف سی) کی مستعدی نے ان کے عزائم ناکام بنا دیے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دورانِ پٹرولنگ ایک مشکوک گاڑی کی نشاندہی کی گئی، جس کے بعد ڈرون الرٹ جاری کیا گیا۔ پٹرولنگ پر مامور ایف سی کی کوئیک رسپانس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو گھیرے میں لے لیا۔ تلاشی کے دوران ایک خوارجی ہلاک جبکہ چار دیگر خوارج کو برقعہ میں ملبوس حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق گرفتار خوارج کا تعلق افغان طالبان سے بتایا جا رہا ہے، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ کارروائی کے دوران اہم شواہد بھی برآمد کیے گئے ہیں، جن کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے تاکہ نیٹ ورک اور سہولت کاروں تک رسائی حاصل کی جا سکے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ پوری کارروائی ایف سی کے ایک جوان کے کیمرے میں ریکارڈ ہو گئی، جس میں خوارج کی فرار کی کوشش اور فورسز کی بروقت کارروائی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔ سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے آپریشن جاری رہے گا اور کسی بھی قسم کی تخریب کاری کو ناکام بنایا جائے گا۔علاقہ مکینوں نے سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس طرح کے مؤثر اقدامات سے علاقے میں دیرپا امن قائم ہوگا۔

More posts