شہر قائد کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ پر ایک المناک حادثہ پیش آ گیا جہاں تیز رفتار آئل ٹینکر نے موٹر سائیکل کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں کورنگی اللہ والا ٹاؤن کی رہائشی 3 سالہ معصوم بچی سائرہ موقع پر جاں بحق ہو گئی۔ بچی اپنے 18 سالہ چچا راج محمد اور 1 سالہ بھائی سبحان کے ساتھ جوس خریدنے جا رہی تھی کہ ٹینکر نے زوردار ٹکر مار دی، جس سے سائرہ زخموں کی تاب نہ لاتی ہوئی دم توڑ گئی جبکہ چچا اور بھائی شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں ان کی ابتدائی طبی امداد کی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق ٹینکر ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے، جبکہ جاں بحق بچی کا خاندان محنت مزدوری کے لیے کراچی منتقل ہوا تھا اور ان کا آبائی تعلق گلگت بلتستان سے ہے۔ اسپتال میں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد بچی کی لاش غمزدہ لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔
حادثے نے کراچی کی سڑکوں پر تیز رفتاری اور بھاری گاڑیوں کے خدشات کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا ہے، جہاں روزانہ ایسے سانحات مسافروں کی جانیں لے رہے ہیں۔
کراچی: ننھی بچی ٹینکر کی زد میں آ کر جابحق
