امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک پوسٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے دوران ایک خفیہ امریکی ہتھیار Discombobulator استعمال کیا گیا، جس نے وینزویلا کے دفاعی نظام کو مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا۔ صدر ٹرمپ کے مطابق یہ ہتھیار کاراکاس میں امریکی فوج کی کارروائی کے دوران فعال ہوا اور وینزویلا کے راکٹ اور دیگر دفاعی آلات کام نہ کر سکے، جس کے نتیجے میں مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے امریکہ منتقل کیا گیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا کے حکام کے پاس جدید روسی اور چینی راکٹ موجود تھے اور وہ مکمل طور پر تیار تھے، مگر Discombobulator کے استعمال سے یہ تمام ہتھیار غیر فعال ہو گئے اور کسی بھی قسم کی مزاحمت ممکن نہ رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی فوج نے اس ہتھیار کی مدد سے کارروائی میں نہ صرف اپنے فوجی اہلکاروں کی حفاظت کو یقینی بنایا بلکہ کسی بھی جانی نقصان کے خطرے کو بھی کم کر دیا۔
واضح رہے کہ 3 جنوری کو وینزویلا میں امریکی فوج کی یہ خفیہ کارروائی بڑے پیمانے پر کی گئی تھی، جس میں مادورو کے رہائشی علاقے اور سیکیورٹی زون کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کارروائی کے بعد وینزویلا میں ہنگامی کیفیت جاری رہی اور بین الاقوامی سطح پر اس اقدام نے تہلکہ مچایا۔ امریکی صدر کے اس بیان کے بعد Discombobulator ہتھیار اور اس کی صلاحیتوں کے بارے میں عالمی میڈیا اور تجزیہ کار بھی متحرک ہو گئے ہیں۔
وینزویلا کے دفاعی نظام کو جام کرنے والا خفیہ ہتھیار: ٹرمپ
