امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ میں امریکا کو برطانیہ کے طیارہ بردار بحری جہازوں کی ضرورت نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ امریکا مشرق وسطیٰ میں اپنی فوجی صلاحیت کے ساتھ کارروائی کرنے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے اور اسے برطانیہ کی اضافی فوجی مدد درکار نہیں۔
یہ بیان برطانوی وزارت دفاع کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا جس میں کہا گیا تھا کہ برطانیہ اپنے دو بڑے طیارہ بردار بحری جہازوں میں سے ایک ایچ ایم ایس پرنس آف ویلز کو ہائی الرٹ پر رکھ رہا ہے۔
ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ برطانیہ، جو کبھی امریکا کا عظیم اتحادی تھا، اب مشرق وسطیٰ میں دو طیارہ بردار بحری جہاز بھیجنے پر غور کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ اقدام ٹھیک ہے مگر امریکا کو اس کی ضرورت نہیں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا کو ایسے اتحادیوں کی ضرورت نہیں جو جنگ کے اختتام کے بعد اس میں شامل ہونے کی کوشش کریں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ٹرمپ کے اس بیان سے امریکا اور برطانیہ کے تعلقات میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی جھلک ملتی ہے جو ٹرمپ کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد سے نمایاں ہوئی ہے۔
ایران جنگ کیلئے برطانیہ کے طیارہ بردار بحری جہازوں کی ضرورت نہیں، ٹرمپ
