Baaghi TV


ٹرمپ کی دھمکیوں پر کولمبیا کے صدر کا سخت ردِعمل، ہتھیار اٹھانے کا بیان


کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کے جواب میں سخت موقف اختیار کرتے ہوئے ہتھیار اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔
صدر گستاوو پیٹرو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اگر امریکی صدر کی جانب سے دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا تو وہ وطن کے دفاع کے لیے ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ماضی میں ہتھیار نہ اٹھانے کی قسم کھائی تھی، لیکن اگر ملک کی سلامتی کو خطرہ ہوا تو وہ اس فیصلے پر نظرِ ثانی کرنے کے لیے تیار ہیں۔
‎یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا نے ہفتے کے اختتام پر فوجی کارروائی کے ذریعے پڑوسی ملک وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
‎واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں کولمبیا کے صدر کو خبردار کرتے ہوئے سخت زبان استعمال کی تھی اور انہیں توہین آمیز انداز میں ایک “بیمار آدمی” قرار دیا تھا۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کولمبیا کی قیادت منشیات کی تیاری اور امریکا کو کوکین کی فراہمی میں دلچسپی رکھتی ہے، لیکن یہ سلسلہ زیادہ دیر تک جاری نہیں رہ سکے گا۔
‎ایک موقع پر صدر ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ کولمبیا کے خلاف امریکی فوجی کارروائی کی بات کر رہے ہیں، جس پر انہوں نے کہا کہ موجودہ کولمبیائی حکومت کے خلاف فوجی آپریشن کے امکان کا سن کر انہیں اچھا لگا۔
‎صدر پیٹرو نے اپنے بیان میں کہا کہ کولمبیا کی انسدادِ منشیات پالیسی مضبوط ہے، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فوجی طاقت کے استعمال کی بھی ایک حد ہوتی ہے اور مسائل کا حل طاقت کے بجائے سمجھداری سے نکالا جانا چاہیے۔

More posts