بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک تاجر کے قتل کا معاملہ ڈرامائی موڑ اختیار کر گیا، جہاں ابتدائی طور پر ڈکیتی قرار دی جانے والی واردات درحقیقت گھریلو سازش نکلی۔ پولیس نے مقتول کی بیوی اور اس کے مبینہ عاشق کو گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 28 سالہ دیوکرشن پروہت کو 7 اپریل کی رات ان کے گھر میں تیز دھار ہتھیار سے قتل کیا گیا۔ واقعے کے فوراً بعد مقتول کی اہلیہ پریانکا پروہت نے پولیس کو بیان دیا کہ نامعلوم افراد گھر میں داخل ہوئے، ساڑھے 3 لاکھ روپے کے زیورات لوٹے اور مزاحمت پر اس کے شوہر کو قتل کر دیا،تاہم پولیس کو ابتدائی تفتیش کے دوران ہی بیان میں تضادات محسوس ہوئے۔ گھر کی تلاشی کے دوران وہی زیورات برآمد ہو گئے جنہیں مبینہ طور پر لوٹا گیا تھا، جبکہ موبائل فون کے ریکارڈ نے پریانکا پروہت اور کملیش پروہت کے درمیان قریبی رابطوں کا انکشاف کیا۔پولیس کے مطابق پریانکا اپنے مبینہ عاشق کملیش پروہت کے ساتھ مل کر شوہر کو راستے سے ہٹانا چاہتی تھی۔ اس مقصد کے لیے سریندر بھاٹی نامی شخص کو ایک لاکھ روپے کے عوض قتل کی ذمہ داری سونپی گئی۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ واردات کی رات گھر کا دروازہ جان بوجھ کر کھلا چھوڑا گیا تاکہ ملزم آسانی سے اندر داخل ہو سکے۔ بعد ازاں کمرے کو الٹ پلٹ کر ڈکیتی کا تاثر دیا گیا جبکہ پریانکا نے خود کو بھی متاثرہ ظاہر کرنے کی کوشش کی۔مسلسل تفتیش کے بعد پریانکا پروہت نے اپنے شوہر کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا۔ پولیس نے پریانکا اور کملیش کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مرکزی ملزم سریندر بھاٹی تاحال مفرور ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔دوسری جانب مقتول کے اہلِ خانہ نے انکشاف کیا ہے کہ پریانکا اکثر اپنے شوہر کو رنگت کے حوالے سے تضحیک کا نشانہ بناتی تھی اور اسے نازیبا القابات سے مخاطب کرتی تھی، جو کہ گھریلو تنازعات کی ایک ممکنہ وجہ بھی ہو سکتی ہے۔پولیس حکام کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے اور مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
