Baaghi TV

تربت ،غیر قانونی اسلحے کی بڑی کھیپ ضبط

بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل تربت میں سیکیورٹی فورسز نے اسلحہ اسمگلنگ کے خلاف بڑی اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی اسلحے کی بھاری کھیپ ضبط کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ایم-8 شاہراہ پر واقع سمی ناکہ کے قریب کی گئی، جہاں مشتبہ پک اَپ کو روک کر تلاشی لی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران گاڑی سے 400 پستول اور 340 میگزین برآمد ہوئے، جو غیر قانونی طور پر اسمگل کیے جا رہے تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف اسلحہ قبضے میں لیا بلکہ مشتبہ شخص کو گاڑی سمیت گرفتار بھی کر لیا۔گرفتار ملزم کی شناخت احسن اللہ ولد میر باز خان کے نام سے ہوئی ہے، جو کہ پشاور کا رہائشی بتایا جا رہا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق برآمد ہونے والا اسلحہ مختلف جرائم پیشہ اور شرپسند عناصر تک پہنچایا جانا تھا، تاہم سیکیورٹی فورسز کی مستعدی کے باعث یہ کوشش ناکام بنا دی گئی۔

ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے تاکہ اسلحہ اسمگلنگ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں اور ممکنہ روابط کا سراغ لگایا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے نہ صرف ایک بڑے اسلحہ اسمگلنگ نیٹ ورک کو نقصان پہنچا ہے بلکہ ممکنہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کو بھی ناکام بنایا گیا ہے۔سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملکی امن و امان کے قیام، غیر قانونی اسلحے کی ترسیل کی روک تھام اور شرپسند عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے ایسی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشتبہ سرگرمیوں کی بروقت اطلاع دے کر امن کے قیام میں اداروں کا ساتھ دیں۔

More posts