Baaghi TV

ایرانی اجازت کے بعد ترک جہاز آبنائے ہرمز عبور کرنے میں کامیاب


ترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ عبدالقادر اورال اوغلو نے اعلان کیا ہے کہ ترک ملکیت کا ایک بحری جہاز ایرانی حکام کی خصوصی اجازت کے بعد آبنائے ہرمز عبور کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔
ترک وزیر کے مطابق آبنائے ہرمز کے قریب ترکیہ کے 15 بحری جہاز موجود تھے جو خطے میں کشیدگی کے باعث انتظار کر رہے تھے۔ اس صورتحال کے بعد انقرہ اور تہران کے درمیان اعلیٰ سطح پر سفارتی رابطے کیے گئے۔
‎عبدالقادر اورال اوغلو نے بتایا کہ مذاکرات کے نتیجے میں ایران نے ایک جہاز کو گزرنے کی خصوصی اجازت دی۔ وزارت کے مطابق اس جہاز کا نام “روزانہ” ہے جس نے پہلے ایک ایرانی بندرگاہ استعمال کی تھی اور اب وہ کامیابی سے آبنائے ہرمز عبور کر چکا ہے۔
‎وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق اس علاقے میں موجود ترک جہازوں پر مجموعی طور پر 171 عملہ سوار ہے اور باقی جہازوں کے محفوظ گزرنے یا واپسی کے لیے تہران کے ساتھ سفارتی رابطے جاری ہیں۔
‎واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے ردعمل میں ایران نے تزویراتی اہمیت کے حامل سمندری راستے آبنائے ہرمز کو بند کر رکھا ہے جس کے باعث عالمی تجارتی جہازوں کی آمد و رفت شدید متاثر ہوئی ہے۔

More posts