Baaghi TV

دفتر خارجہ کی ترکمانستان میں تعینات سفیر کو امریکا میں داخلے سے روکنے کی تصدیق

پاکستان اور ایران

دفتر خارجہ نے ترکمانستان میں تعینات سفیر کو امریکا میں داخلے سے روکنے کی تصدیق کر دی

ترجمان دفتر خارجہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ترکمانستان میں تعینات سفیر، احسن وگن، کو امریکا میں داخلے سے روک دیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ متعلقہ سفیر نجی دورے پر امریکا گئے تھے، لیکن ان کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ترجمان نے مزید کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور اس بارے میں مزید تفصیلات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس نوعیت کے معاملات میں قیاس آرائیاں کرنا مناسب نہیں، کیونکہ صورتحال کی مکمل جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق پاکستانی سفارتکار کی امریکا سے واپسی کا معاملہ وزارت خارجہ دیکھ رہی ہے اور اس سلسلے میں تمام قانونی اور سفارتی طریقہ کار کو اپنایا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ سفارتی ذرائع سے یہ اطلاع سامنے آئی تھی کہ پاکستان کے ترکمانستان میں تعینات سفیر احسن وگن کو امریکی شہر لاس اینجلس سے واپس ڈیپورٹ کیا گیا۔ اس واقعے نے پاکستانی سفارتکاری کی سطح پر بے چینی پیدا کر دی ہے، اور اس کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلقات پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔پاکستانی وزارت خارجہ اس معاملے کی حساسیت کے پیش نظر اسے پوری طرح سے تحقیقات کے بعد حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

More posts