Baaghi TV


اتر پردیش میں دو بیٹیوں کے ہاتھوں باپ کا قتل، گھریلو تنازع قتل کی وجہ قرار

Mother, brother and sister killed in Nowshera

‎بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر میں دو سگی بیٹیوں نے مبینہ طور پر اپنے والد کو قتل کردیا، جس کے بعد پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
‎پولیس کے مطابق مورنا علاقے کے رہائشی 55 سالہ رام پرساد کی لاش پیر کی صبح گھر میں چارپائی پر خون میں لت پت حالت میں ملی۔ ابتدائی معائنے میں مقتول کی گردن اور جسم پر تیز دھار آلے سے متعدد وار کے نشانات پائے گئے۔
‎واقعے کی اطلاع اس وقت ملی جب مقتول کی اہلیہ چندرکلی نے صبح تقریباً سات بجے لاش دیکھ کر شور مچایا، جس پر اہلِ محلہ موقع پر جمع ہوگئے۔ اس وقت گھر میں بیوی، دو بیٹے امیت اور سمیت، اور دونوں بیٹیاں موجود تھیں۔
‎اطلاع ملنے پر پولیس اور فرانزک ٹیم موقع پر پہنچی، شواہد اکٹھے کیے گئے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردیا گیا۔ دورانِ تفتیش اہلِ خانہ کے بیانات میں تضاد سامنے آیا جس کے بعد سب سے علیحدہ علیحدہ پوچھ گچھ کی گئی۔
‎پولیس کے مطابق 32 سالہ بڑی بیٹی کومل اور اس کی 16 سالہ چھوٹی بہن دورانِ تفتیش بار بار بیانات تبدیل کرتی رہیں۔ سخت پوچھ گچھ کے بعد دونوں نے مبینہ طور پر جرم کا اعتراف کرلیا۔
‎ابتدائی بیان میں بڑی بیٹی نے مؤقف اختیار کیا کہ والد بیٹوں اور بیٹیوں میں امتیاز کرتے تھے اور اس کی غیر شادی شدہ حیثیت پر مسلسل طعنے دیتے تھے۔ ملزمہ کے مطابق والد اکثر کہتے تھے کہ بیٹیوں کی وجہ سے خاندان کی بدنامی ہو رہی ہے، جس سے گھر میں کشیدگی بڑھتی گئی۔
‎پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر واقعے کی رات تقریباً دو بجے دونوں بہنوں نے سوئے ہوئے والد پر درانتی سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واردات کے بعد دونوں اپنے کمرے میں واپس جا کر سو گئیں، تاہم تفتیش کے دوران شکوک بڑھنے پر حقیقت سامنے آگئی۔
‎پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

More posts