Baaghi TV


کوہ سلیمان میں سی ٹی ڈی آپریشن، دو دہشت گرد ہلاک

‎انسدادِ دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کوہ سلیمان کے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے دو دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک اہم کمانڈر بھی شامل ہے، جبکہ دیگر دہشت گرد زخمی ساتھیوں کو ساتھ لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
‎سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔ ادارے کو مصدقہ انٹیلی جنس رپورٹس موصول ہوئی تھیں کہ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے 12 سے 15 مسلح افراد پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقوں سے ہوتے ہوئے تمن قیصرانی کے قبائلی علاقے میں داخل ہو چکے ہیں۔
‎بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ گروہ تحصیل کوہ سلیمان، وہوا اور تونسہ کے مختلف آبادی والے علاقوں میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ اطلاعات ملنے کے بعد جدید اسلحہ، نگرانی کے آلات اور ڈرون ٹیکنالوجی سے لیس سی ٹی ڈی کی خصوصی ٹیموں کو فوری طور پر متحرک کیا گیا۔
‎ترجمان کے مطابق اہلکاروں نے جنڈوگا کے قریب کاچی گورو اور لکھنی کے پہاڑی علاقوں میں رات بھر خفیہ نگرانی جاری رکھی۔ بعد ازاں دن کے وقت ڈرونز اور دیگر جدید ذرائع کی مدد سے مشتبہ دہشت گردوں کی موجودگی کا سراغ لگایا گیا، جس کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔
‎سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ شدید فائرنگ کے دوران دو دہشت گرد موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کے لیے کارروائی جاری ہے۔ حکام کے مطابق باقی دہشت گرد ناہموار پہاڑی راستوں اور قدرتی آڑ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔
‎بیان میں مزید کہا گیا کہ فرار ہونے والے عناصر کی گرفتاری کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے علاقے میں موجود ممکنہ دہشت گردوں کی تلاش میں مصروف ہیں تاکہ کسی بھی خطرے کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔

More posts