اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)تحصیل احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقے موضع فرید آباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں چار روز سے لاپتہ 20 سالہ نوجوان کی لاش کھالے سے برآمد ہوئی۔
جاں بحق نوجوان کی شناخت یاسر ولد نور محمد، سکنہ موضع بقا پور، تحصیل احمد پور شرقیہ کے طور پر ہوئی ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق یاسر ذہنی طور پر معذور تھا اور گزشتہ چار دن سے گھر سے لاپتہ تھا، جس پر اہل خانہ شدید پریشانی میں مبتلا تھے۔
مقامی افراد نے کھالے میں لاش دیکھ کر فوری طور پر پولیس اور ریسکیو کو اطلاع دی۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور پولیس کی موجودگی میں ریسکیو اہلکاروں نے لاش کو کھالے سے نکال کر قانونی کارروائی کے لیے ٹی ایچ کیو اسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں افسوس اور سوگ کی فضا قائم ہے۔
