اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) تاریخی شہر اوچ شریف کے علاقے بکھری چوک، بستی مقبول آرائیں میں گزشتہ شب ایک 28 سالہ نوجوان کی گولی لگنے سے ہلاکت نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ جاں بحق نوجوان کی لاش سڑک کنارے پڑی ملی، جس کے سر کے پچھلے حصے میں گولی لگی ہوئی تھی۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ ابتدائی طبی معائنے سے معلوم ہوا کہ گولی سر کے پچھلے حصے میں لگی جس کے باعث نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت شعیب ولد عبد الحمید، عمر 28 سال، ساکن بستی شمیم آباد، اوچ شریف کے طور پر ہوئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق جائے وقوع سے فوری طور پر ہاتھا پائی یا مزاحمت کے شواہد نہیں ملے۔ واقعے کی نوعیت کے پیش نظر فرانزک ٹیم کو طلب کیا گیا، جس نے جائے وقوع سے اہم شواہد اکٹھے کیے۔ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ اوچ شریف کے سب انسپکٹر فیاض شاہ کے حوالے کر دیا گیا، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
