لندن: یوکے ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے انگلینڈ کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کے پیش نظر ایمبر ہیٹ ہیلتھ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق درجہ حرارت میں اضافے کے باعث صحت کے نظام اور سماجی خدمات پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے، جبکہ بزرگ افراد اور پہلے سے مختلف بیماریوں میں مبتلا شہریوں کو خصوصی احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایمبر ہیلتھ الرٹ کا اطلاق لندن، ساؤتھ ایسٹ، ساؤتھ ویسٹ اور ایسٹ آف انگلینڈ میں منگل کی شام 8 بجے تک برقرار رہے گا۔ اس دوران متعلقہ اداروں کو ممکنہ طبی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب ویسٹ مڈلینڈز اور ایسٹ مڈلینڈز کے لیے اسی مدت تک یلو ہیٹ ہیلتھ وارننگ جاری کی گئی ہے، جہاں گرمی کی شدت نسبتاً کم ہونے کے باوجود حساس افراد کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ شدید گرمی خصوصاً عمر رسیدہ افراد، دل، سانس اور دیگر دائمی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ سے زیادہ پانی پئیں، ٹھنڈی جگہوں پر رہیں اور ضرورت پڑنے پر فوری طبی امداد حاصل کریں۔
موسمی پیشگوئی کے مطابق لندن میں پیر کے روز درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ منگل کو 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔
برطانوی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور اپنے بزرگ عزیزوں، تنہا رہنے والے افراد اور صحت کے مسائل سے دوچار لوگوں کا خصوصی خیال رکھیں تاکہ شدید گرمی کے منفی اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔
انگلینڈ میں شدید گرمی، یوکے ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی کا ایمبر ہیلتھ الرٹ جاری
