Baaghi TV

برطانیہ بلدیاتی انتخابات، لیبر پارٹی کو بڑا دھچکا، ریفارم یو کے کی شاندار پیش رفت

برطانیہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر کی لیبر پارٹی کو بڑے سیاسی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ ریفارم یوکے نے شمالی انگلینڈ سمیت کئی اہم علاقوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرکے ملکی سیاست میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہارٹل پول میں ریفارم یو کے نے تمام 12 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جبکہ ہالٹن میں پارٹی 15 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی۔ ان نتائج کو برطانوی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔
اسی طرح ویگن میں لیبر پارٹی کو شدید دھچکا پہنچا جہاں اسے 20 نشستوں سے ہاتھ دھونا پڑا، جبکہ ریفارم یو کے نے 23 نشستیں اپنے نام کر لیں۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ نتائج عوامی رجحانات میں بڑی تبدیلی کی عکاسی کرتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق لیبر پارٹی کے کئی روایتی اور مضبوط گڑھ بھی ریفارم یو کے کے قبضے میں چلے گئے ہیں، جس کے بعد وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر کی قیادت پر سوالات مزید شدت اختیار کر گئے ہیں۔

برطانوی سیاسی رہنما جوناتھن بریش نے بھی کیئر اسٹارمر سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو مسلسل عوامی حمایت میں کمی کا سامنا ہے اور قیادت کو اس کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔دوسری جانب لبرل ڈیموکریٹس نے اسٹاک پورٹ کونسل پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا، جسے پارٹی کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔سیاسی مبصرین کے مطابق ان بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے برطانیہ کی سیاست میں نئی صف بندی کے امکانات کو بڑھا دیا ہے اور ریفارم یو کے اب ایک بڑی اور مؤثر سیاسی قوت کے طور پر ابھرتی دکھائی دے رہی ہے۔

More posts