اقوام متحدہ کے ماہرین نے جیفری ایپسٹن کے نیٹ ورک کو عالمی جرائم پیشہ تنظیم قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف آزادانہ عالمی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ پینل کے بیان کے مطابق ایپسٹن کے جرائم انسانی حقوق کے سنگین خلاف ورزیوں اور انسانیت کے خلاف جرائم میں شامل ہیں۔
ماہرین کے مطابق دستیاب دستاویزات خواتین اور بچیوں کے خلاف منظم جرائم کی شدت کو ظاہر کرتی ہیں، اور ریکارڈز میں غیر انسانی سلوک، نسل پرستی اور بدعنوانی کی واضح تصویر سامنے آئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی حکومت نے ایپسٹن سے متعلق 35 لاکھ صفحات پر مشتمل ریکارڈ جاری کیا، تاہم کئی طاقتور اور بااثر شخصیات کے نام چھپائے گئے ہیں۔
یو این ماہرین نے زور دیا ہے کہ تمام حقائق کو منظر عام پر لایا جائے اور ایپسٹن کے تمام بااثر ساتھیوں کے خلاف جامع تحقیقات کی جائیں تاکہ انصاف فراہم کیا جا سکے۔
اقوام متحدہ: جیفری ایپسٹن نیٹ ورک عالمی جرائم پیشہ تنظیم کے زمرے میں شامل
