یونیسف نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں مسجد پر ہونے والے خودکش حملے میں بچوں کی شہادت کو انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کا کہنا ہے کہ کسی بھی صورت میں بچوں کو تشدد یا حملوں کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔
یونیسف کے مطابق بچوں کا قتل ان کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے اور عالمی قوانین کے منافی ہے۔ ادارے نے متاثرہ خاندانوں اور مقامی برادریوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے بچوں کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنانے پر زور دیا۔
یاد رہے کہ ترلائی کی مسجد میں ہونے والے دھماکے میں 6 بچے شہید ہوئے تھے، جبکہ مجموعی طور پر جاں بحق افراد کی تعداد 33 ہو چکی ہے۔
دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ترلائی کلاں امام بارگاہ خودکش حملے کے داعش افغان ماسٹر مائنڈ سمیت چار سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پشاور اور نوشہرہ میں کارروائیاں کیں، جہاں سے حملے کی منصوبہ بندی اور سہولت کاری میں ملوث افراد کو حراست میں لیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی، تربیت اور ذہن سازی افغانستان میں داعش کی جانب سے کی گئی۔
یونیسف کی ترلائی مسجد حملے میں بچوں کی شہادت پر شدید مذمت
