Baaghi TV

واشنگٹن میں فوجی اڈے کے اوپر نامعلوم ڈرونز کی پروازیں، اعلیٰ حکام میں تشویش

واشنگٹن: امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں واقع فوجی اڈے کے اوپر نامعلوم ڈرونز کی موجودگی نے سیکیورٹی اداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے رپورٹ کیا ہے کہ یہ ڈرونز اس اڈے کے اوپر دیکھے گئے جہاں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور پینٹاگون کے سربراہ پیٹ ہیگستھ رہائش پذیر ہیں۔رپورٹ کے مطابق تین باخبر ذرائع نے انکشاف کیا کہ حکام نے ان ڈرونز کی شناخت اور ان کے ماخذ کا تعین تاحال نہیں کیا۔ دو ذرائع کے مطابق یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ڈرونز کہاں سے آئے اور کس مقصد کے لیے استعمال کیے جا رہے تھے۔

یہ واقعہ فوجی اڈے فورٹ میک نیئر کے اوپر پیش آیا، جس کے بعد اعلیٰ حکام نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر مارکو روبیو اور پیٹ ہیگستھ کو کسی محفوظ مقام پر منتقل کرنے پر غور کیا۔ تاہم ایک سینئر سرکاری عہدیدار کے مطابق دونوں حکام کو فی الحال منتقل نہیں کیا گیا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ایران کے ساتھ جاری تنازع کے باعث ملک بھر میں سیکیورٹی الرٹ بڑھا دیا گیا ہے، جس کے تحت فوج ممکنہ خطرات پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔

ادھر خبر رساں ادارے نے اس رپورٹ کی آزادانہ تصدیق نہیں کی، جبکہ پینٹاگون اور امریکی محکمہ خارجہ نے اس معاملے پر فوری تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔پینٹاگون کے ترجمان شان پارنل نے ڈرونز کے معاملے پر بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اعلیٰ حکام کی نقل و حرکت پر تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔

More posts