امریکی فضائیہ کا بی ون بمبار طیارہ ایران پر مبینہ حملے کے بعد بحفاظت برطانیہ واپس پہنچ گیا ہے۔ فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق طیارے کی واپسی کے دوران اسے یورپ کے متعدد ممالک کی فضائی حدود تک رسائی حاصل نہیں ہو سکی۔
ذرائع کے مطابق فرانس، پرتگال اور اسپین نے امریکی بمبار طیارے کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی، جس کے باعث طیارے کو متبادل اور طویل راستہ اختیار کرنا پڑا۔ اس صورتحال میں امریکی طیارہ بحیرۂ روم اور بعد ازاں بحرِ اوقیانوس کے اوپر سے پرواز کرتے ہوئے برطانیہ پہنچا۔دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ یورپی ممالک کی جانب سے فضائی حدود کی عدم فراہمی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سیاسی حساسیت کی عکاسی کرتی ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ایران اور امریکا کے درمیان تناؤ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث یورپی ممالک محتاط پالیسی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
