امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی کا عمل جاری ہے اور امریکی بحریہ اس اہم آبی گزرگاہ کو محفوظ بنانے کے لیے سرگرم ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ امریکی مائن سویپرز اس وقت آبنائے ہرمز میں موجود بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے میں مصروف ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ جو بھی کشتی بارودی سرنگیں بچھانے یا بجھانے کی کوشش کرے گی، اسے نشانہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکی افواج کو اس حوالے سے کارروائی کا مکمل اختیار دے دیا گیا ہے تاکہ عالمی بحری راستے کو محفوظ رکھا جا سکے۔
امریکی صدر کے مطابق ایرانی کشتیاں اس علاقے میں بارودی سرنگیں بچھانے میں ملوث ہیں، جس کے بعد امریکا نے سخت ردعمل دیتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اب تک ایران کے 159 بحری جہازوں کو سمندر میں تباہ کیا جا چکا ہے، تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی۔
ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین تجارتی راستوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں کسی بھی قسم کی کشیدگی عالمی معیشت اور تیل کی ترسیل پر براہ راست اثر ڈال سکتی ہے۔ اس لیے اس علاقے میں بڑھتی ہوئی عسکری سرگرمیاں عالمی سطح پر تشویش کا باعث بن رہی ہیں۔
دوسری جانب ایران کی جانب سے ان الزامات پر فوری ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم ماضی میں تہران اس نوعیت کے دعوؤں کو مسترد کرتا رہا ہے۔ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث صورتحال نہایت حساس ہو چکی ہے اور کسی بھی وقت حالات مزید بگڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی کا عمل جاری: ٹرمپ
