Baaghi TV

وینزویلا میں امریکی کارروائی سے 40 افراد ہلاک، رہائشی عمارت ، دفاعی تنصیبات تباہ

غیر ملکی میڈیا کے مطابق وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی کے دوران کم از کم 40 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں فوجی اہلکاروں کے ساتھ ساتھ عام شہری بھی شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران دفاعی تنصیبات کو بھاری نقصان پہنچا، جبکہ ایک تین منزلہ رہائشی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دارالحکومت کراکس (Caracas) کے مختلف علاقوں میں تباہی کے واضح آثار دیکھے گئے ہیں۔ سڑکوں پر فوجی گاڑیاں جل کر راکھ بن چکی ہیں اور سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ بندرگاہ کے ایک حصے سے دھویں کے گہرے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں، جس سے علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق امریکی کاروائی کے بعد شہر میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں ،مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں زخمیوں کی بڑی تعداد لائی گئی ہے، جس کے باعث طبی عملے کو شدید دباؤ کا سامنا ہے۔

رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ امریکی کارروائی کے بعد شہر میں بے یقینی کی فضا قائم ہے، سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کئی علاقوں کو سیل کر دیا گیا ہے اور گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب وینزویلا کی حکومت کی جانب سے امریکی کارروائی کی شدید مذمت کی جا رہی ہے اور اسے ملکی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے۔بین الاقوامی مبصرین کے مطابق اس کارروائی کے بعد خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ عالمی برادری کی جانب سے صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

More posts