Baaghi TV

وفاق نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان کر دیا

winter

وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر سرکاری تعطیلات کا اعلان کر دیا ہےجبکہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق عیدالاضحیٰ کی تعطیلات 26 مئی سے 28 مئی تک ہوں گی، اس دوران ملک بھر میں سرکاری دفاتر اور ادارے بند رہیں گے۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر امن و امان، انسانی جانوں کے تحفظ اور ماحولیاتی بہتری کے پیش نظر صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے پابندی کے تحت عوامی مقامات پر سری پائے جلانے، غیر قانونی مویشی منڈیوں کے قیام، نہروں اور دریاؤں میں نہانے سمیت مختلف سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبے بھر میں دفعہ 144 کے تحت چار اقسام کی سرگرمیوں پر پابندی لگائی گئی ہے اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی مقامات پر سری پائے جلانے، نہروں، دریاؤں، ندی نالوں اور ڈیموں میں نہانے، جانوروں کے فضلے اور اوجھڑی کو مین ہولز، نالیوں یا نہروں میں پھینکنے اور نوٹیفائیڈ مویشی منڈیوں کے علاوہ کسی بھی مقام پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت پر پابندی ہوگی۔

محکمہ داخلہ کے مطابق پابندی کا اطلاق بدھ 27 مئی سے منگل 2 جون تک رہے گا، سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144(6) کے تحت ان احکامات جاری کیے ہیں،یہ فیصلہ عوامی تحفظ، صحتِ عامہ، امن و سکون اور ماحول کو بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے، کیونکہ مذکورہ سرگرمیاں نہ صرف شہریوں کے لیے خطرے کا باعث بنتی ہیں بلکہ عوام میں بے چینی بھی پیدا کرتی ہیں۔

محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے دوران کسی کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ صرف پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ ادارے ہی کھالیں وصول کر سکیں گے صوبہ بھر کی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

More posts