امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ روس مشرق وسطیٰ میں ایران کو امریکی فوجی اہداف کے بارے میں انٹیلی جنس فراہم کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس کے تین قریبی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ روس خطے میں موجود امریکی بحری جہازوں اور طیاروں کی لوکیشن سے متعلق معلومات ایران تک پہنچا رہا ہے۔
اخبار کے مطابق ایران نے حالیہ حملوں میں امریکی ریڈارز اور دیگر تنصیبات کو درست نشانہ بنایا ہے جبکہ کئی مواقع پر ایرانی حملے امریکا اور اسرائیل کے دفاعی نظام پر بھی بھاری پڑے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایران امریکی کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز کو خاص طور پر نشانہ بنا رہا ہے اور اس کے میزائل حملوں کی صلاحیت گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتر ہوئی ہے۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی فضائی دفاع کے لیے استعمال ہونے والے انٹرسیپٹر میزائل بھی تیزی سے کم ہو رہے ہیں جس سے امریکی دفاعی حکمت عملی پر دباؤ بڑھ سکتا ہے۔
روس ایران کو امریکی اہداف سے متعلق انٹیلی جنس فراہم کر رہا ہے: واشنگٹن پوسٹ
