Baaghi TV

پرندوں کا شکار کب سے شروع ہوگا؟

‎خیبر پختونخوا میں آبی پرندوں کے شکار کا سیزن 15 فروری سے شروع ہو رہا ہے، جو 15 مارچ تک جاری رہے گا، تاہم اس کے لیے محکمہ وائلڈ لائف نے چند شرائط پر سختی سے عمل درآمد کو لازمی قرار دیا ہے۔
‎محکمہ وائلڈ لائف کے اعلامیے کے مطابق شکار کے لیے باقاعدہ شوٹنگ لائسنس ضروری ہوگا، جس کی فیس 6 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ شکار کی اجازت صرف ہفتہ اور اتوار کو دی جائے گی۔
‎اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ایک شکاری کو ایک دن میں زیادہ سے زیادہ پانچ آبی پرندوں کے شکار کی اجازت ہوگی، جبکہ ایم پی تھری یا کسی بھی الیکٹرانک آلے کے ذریعے شکار مکمل طور پر ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
‎محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق لوئر اور اپر چترال کے چند علاقوں میں شکار پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ شندور جھیل، بروغل، تورکھو اور دیگر مخصوص مقامات پر بھی آبی پرندوں کا شکار ممنوع رہے گا۔
‎محکمہ وائلڈ لائف نے شکاریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام حکومتی قواعد و ضوابط پر عمل کریں، خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

More posts