شہر میں چلنے والی گرین بس میں سفر کے دوران ایک خاتون مسافر سے مبینہ طور پر سونے کی بالی چھیننے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں خاتون کا کان زخمی ہو گیا۔ واقعے کے بعد متاثرہ خاتون نے پولیس سے قانونی کارروائی اور ملزمہ کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ پل کوریاں کے قریب گرین بس کے اندر پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے دوران سفر علی پورہ کی رہائشی نرگس نامی مسافر کے کان سے سونے کی بالی زور سے کھینچ لی۔ بالی نوچنے کے باعث خاتون کا کان بری طرح زخمی ہو گیا اور انہیں شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔
واقعے کے بعد متاثرہ خاتون نرگس نے تھانہ ڈی ٹائپ کالونی میں درخواست جمع کراتے ہوئے ملزمہ کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ گرین بس میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کی جائے تاکہ ملزمہ کی شناخت کر کے اسے جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ درخواست موصول ہونے کے بعد واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمہ کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
شہریوں نے عوامی ٹرانسپورٹ میں ایسے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گرین بس سروس میں سیکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنائے جائیں تاکہ مسافروں، خصوصاً خواتین، کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
گرین بس میں خاتون سے سونے کی بالی چھین لی گئی، کان زخمی
