Baaghi TV

یاسین ملک کی جان بچانے کے لیے آواز بلند کریں،مشعال ملک

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ کل یاسین ملک کے ایک انتہائی خطرناک پھانسی کے کیس کی سماعت ہونے جا رہی ہے، جس میں سزا کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ سنایا جا سکتا ہے۔

مظفرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس سماعت کے نتائج یاسین ملک کی زندگی کے لیے سنگین ثابت ہو سکتے ہیں،مشعال ملک کا کہنا تھا کہ یاسین ملک ایک مجاہد اور غازی ہیں، جنہوں نے مسلح جدوجہد ترک کر کے امن کا راستہ اختیار کیا، اس کے باوجود انہیں سخت حالات کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق تہاڑ جیل میں یاسین ملک پر تشدد کیا جا رہا ہے اور انہیں قانونی دفاع کا بنیادی حق بھی نہیں دیا جا رہا، نہ ہی انہیں اپنی مرضی کے وکیل کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ یاسین ملک کو عدالتوں میں پیش نہیں کیا جا رہا اور ان کے خلاف یکطرفہ فیصلے کیے جا رہے ہیں، جو انصاف کے عالمی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ مشعال ملک نے کہا کہ اگر یاسین ملک کی جان کو کوئی نقصان پہنچا تو یہ صرف ایک فرد کی موت نہیں ہوگی بلکہ اس کے سنگین سیاسی اور اخلاقی نتائج ہوں گے۔

مشعال ملک نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور بالخصوص دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ یاسین ملک کی جان بچانے کے لیے آواز بلند کریں اور ان کے ساتھ ہونے والے مبینہ ظلم کے خلاف متحد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ خاموشی اس ناانصافی کو مزید تقویت دے گی، اس لیے اب عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

More posts