Baaghi TV


بیلسٹک دفاعی نظام دنیا بھر میں نایاب ہو رہے ہیں، زیلنسکی

kaif

‎یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ایران جنگ کے باعث بیلسٹک میزائلوں کو روکنے والے دفاعی نظام دنیا بھر میں نایاب ہوتے جا رہے ہیں، تاہم یوکرین کو اپنی فضائی دفاعی صلاحیت مضبوط بنانے کیلئے فوری حل تلاش کرنا ہوگا۔
‎ویڈیو پیغام میں صدر زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین کیلئے فضائی دفاعی نظام کو مضبوط بنانا اس وقت سب سے بڑی ترجیح ہے کیونکہ ملک کو مسلسل میزائل اور فضائی حملوں کے خطرات کا سامنا ہے۔
‎انہوں نے کہا کہ ایران جنگ اور مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث دنیا بھر میں بیلسٹک میزائل دفاعی نظام کی طلب میں اضافہ ہوا ہے جس سے ان سسٹمز کی دستیابی محدود ہو رہی ہے۔
‎زیلنسکی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین اپنے دفاعی نظام کی پیداوار تیز کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ ملک کو بہتر تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
‎یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ وہ امریکا کے ساتھ مزید حمایت اور دفاعی تعاون کیلئے مسلسل رابطے میں ہیں۔
‎انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک مالی امداد کے ذریعے یوکرین کی مدد کر رہے ہیں لیکن بیلسٹک میزائل دفاعی نظام کی پیداوار بڑھانے کیلئے امریکا کی مضبوط قیادت اور فوری کردار ناگزیر ہے۔
‎زیلنسکی کے مطابق موجودہ عالمی صورتحال نے دفاعی نظام، خاص طور پر فضائی اور میزائل دفاعی ٹیکنالوجی کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے۔
‎دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ روس یوکرین جنگ اور مشرق وسطیٰ کی کشیدگی نے دنیا بھر میں جدید دفاعی نظاموں کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے۔
‎ماہرین کے مطابق کئی ممالک اب اپنے فضائی دفاع کو مضبوط بنانے کیلئے جدید میزائل شکن نظام حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے عالمی دفاعی منڈی پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

More posts