یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی خلیجی ممالک کے اہم دورے کے سلسلے میں متحدہ عرب امارات کے بعد قطر پہنچ گئے، جہاں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس پیش رفت کو خطے میں بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔
قطری وزارت دفاع کے مطابق اس معاہدے میں میزائل اور ڈرون حملوں کے خلاف دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے ماہرین کے تبادلے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون شامل ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
دورے کے دوران یوکرینی صدر کی امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں خطے کی صورتحال، ایران سے متعلق کشیدگی اور عالمی امن کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا اور ٹیکنالوجی، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
یوکرین نے اس موقع پر قطر کے دفاع کے لیے مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا، جسے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
ادھر غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق زیلنسکی نے اس سے قبل متحدہ عرب امارات کا غیر اعلانیہ دورہ بھی کیا تھا، جہاں دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔ اس کے علاوہ وہ سعودی عرب کا بھی دورہ کر چکے ہیں، جہاں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی معاہدے طے پائے تھے۔
ماہرین کے مطابق زیلنسکی کا یہ دورہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب خلیجی ممالک یوکرین کی فضائی دفاعی ٹیکنالوجی میں دلچسپی لے رہے ہیں، جس سے خطے میں نئے دفاعی اتحاد بنتے دکھائی دے رہے ہیں۔
زیلنسکی کا دورہ قطر، دفاعی تعاون میں اہم پیش رفت
