Baaghi TV

ریاض ایئر کو بوئنگ طیاروں کی پہلی کھیپ موصول

سعودی عرب کی نئی قومی ایئرلائن ‘ریاض ایئر’ نے اپنے بیڑے میں پہلے 2 کسٹم بلٹ بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیارے شامل کر کے اپنی تجارتی پروازوں کے آغاز کی جانب ایک بہت بڑا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسیکی رپورٹ کے مطابق یہ دونوں جدید ترین طیارے مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے، جہاں روایتی طور پر انہیں پانی کی توپوں سے سلامی دی گئی یہ طیارے ریاض ایئر کی جانب سے دیے گئے مجموعی 72 طیاروں کے آرڈر کی پہلی کھیپ ہیں، جو سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ملکیت ہے اور یہ مملکت کے ‘ویژن 2030’ کے تحت معیشت کو متنوع بنانے اور سیاحت و ہوا بازی کے شعبے کو مضبوط کرنے کی حکمتِ عمل کا ایک اہم حصہ ہے۔

ریاض ایئر کے چیف ایگزیکٹو ٹونی ڈگلس نے اس موقع پر کہا کہ وہ صرف ایک ایئرلائن ہی نہیں بنا رہے، بلکہ مملکت کے دل سے دنیا کے لیے ایک نیا راستہ کھول رہے ہیں ایئرلائن کا ہدف ہے کہ وہ 2030 تک اپنے بیڑے کو 180 سے زائد طیاروں تک وسیع کرے اور ریاض کو دنیا بھر کے 100 سے زیادہ مقامات سے جوڑ دے۔

توقع ہے کہ ایشیا، افریقہ اور یورپ کے سنگم پر واقع سعودی عرب کی جغرافیائی پوزیشن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ریاض ایئر رواں سال کے آخر تک تقریباً 20 مقامات کے لیے اپنی سروسز کا آغاز کر دے گی کچھ ہی ہفتے قبل کمپنی نے اپنے نئے ڈریم لائنرز کے ذریعے ‘ریاض تا لندن’ روٹ کے لیے ٹکٹوں کی عمومی فروخت شروع کی ہے، جس کی باقاعدہ پروازیں یکم جولائی سے شروع ہوں گی۔

لندن ہیتھرو کی یہ سروس ریاض ایئر کے بین الاقوامی نیٹ ورک کا سنگِ بنیاد ثابت ہوگیان نئے طیاروں کے اندرونی حصے کو 4 مختلف کیبن کیٹیگریز (بزنس الیٹ، بزنس، پریمیم اکانومی اور اکانومی) میں تقسیم کیا گیا ہے، جس میں جدید ترین ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ سسٹم، بلوٹوتھ کنیکٹیویٹی اور تیز رابطہ کاری فراہم کی گئی ہے تاکہ ایئرلائن کے ٹیکنالوجی پر مبنی بزنس ماڈل کو سپورٹ کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ ریاض ایئر کو پی آئی ایف نے 2023 میں لانچ کیا تھا اور اسے اپریل 2025 میں جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن سے آپریٹر سرٹیفکیٹ ملا تھا سعودی حکام کے مطابق ریاض ایئر مستقبل میں مملکت کی غیر تیل ملکی معیشت میں تقریباً 20 ارب ڈالرز کا حصہ ڈالے گی اور 2 لاکھ سے زائد براہِ راست اور بالواسطہ ملازمتوں کے مواقع پیدا کرے گی اس وقت ایئرلائن کے چیئرمین پی آئی ایف کے گورنر یاسر الرمیان ہیں، جبکہ اس کی قیادت اتحاد ایئرویز کے سابق چیف ایگزیکٹو ٹونی ڈگلس کر رہے ہیں۔

More posts