ضلع باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج (FAK) کے حملے میں 11 جوان شہید جبکہ 12 خوارج مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 16 فروری کو ہندوستانی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے مشترکہ چیک پوسٹ کو نشانہ بناتے ہوئے حملہ کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ حملہ آوروں کی جانب سے چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دی۔ جوابی کارروائی کے دوران 12 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا اور چیک پوسٹ کا انفراسٹرکچر شدید متاثر ہوا۔ دھماکے کے باعث وطن کے 11 بہادر سپوت شہید ہوگئے۔
دھماکے سے قریبی رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ ایک کمسن بچی شہید اور خواتین و بچوں سمیت سات شہری زخمی ہوئے۔
فوجی حکام کے مطابق علاقے میں ممکنہ خوارج کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن “عزمِ استحکام” کے تحت غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور جوانوں و شہریوں کی قربانیاں قومی عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔
باجوڑ میں چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کا حملہ، 11 سیکیورٹی اہلکار شہید، 12 خوارج ہلاک
