میکسیکو سٹی: فیفا ورلڈ کپ میں میکسیکو کی شاندار فتح کا جشن اس وقت افسوسناک حادثے میں تبدیل ہو گیا جب ایک تیز رفتار گاڑی جشن منانے والے شائقین کے ہجوم میں جا گھسی، جس کے نتیجے میں 17 افراد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو نے گروپ مرحلے کے اپنے آخری میچ میں چیک ریپبلک کو 3-0 سے شکست دی، جس کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں شائقین سڑکوں پر نکل آئے اور فتح کا جشن منانے لگے۔
حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ایک مقام پر لوگوں کے ایک گروپ نے گاڑی کو گھیر لیا تھا، تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر ڈرائیور نے اچانک گاڑی ہجوم کی طرف بڑھا دی، جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام نے زخمی ہونے والے تمام 17 افراد کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا، جبکہ زخمیوں میں گاڑی کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔ پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔
کابو سان لوکاس کے قائم مقام میئر نے متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ شفاف تحقیقات یقینی بنائے گی اور عوام کو پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ کابو سان لوکاس میکسیکو کا معروف سیاحتی شہر ہے، جہاں ہر سال لاکھوں ملکی اور غیر ملکی سیاح آتے ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
میکسیکو کی ورلڈ کپ فتح کا جشن سانحے میں تبدیل،17 افراد زخمی
