تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے یومِ عاشور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام حسینؓ نے پوری انسانیت کو ظلم، اقتدار کی ہوس اور مفاد پرستی کے سامنے سر نہ جھکانے کا لازوال درس دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں ایرانی صدر نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی یہ پیغام دیتی ہے کہ جان تو قربان کی جا سکتی ہے، لیکن آزادی، غیرتِ نفس اور حق کا سودا نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ انسان تنہا رہ سکتا ہے، مگر سچ کا دامن نہیں چھوڑ سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ کربلا کا پیغام صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ہر دور کے انسان کے لیے حق، انصاف اور استقامت کی علامت ہے۔
مسعود پزشکیان نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ نہ ہم ظلم کریں گے، نہ ظلم برداشت کریں گے اور نہ ہی ظلم کے سامنے خاموشی اختیار کریں گے۔
یومِ عاشور: امام حسینؓ نے ظلم کے سامنے نہ جھکنے کا درس دیا، ایرانی صدر
