پیرس: فرانس میں جاری شدید گرمی کی لہر کے دوران مختلف مقامات پر نہاتے ہوئے 40 افراد ڈوب کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔ فرانسیسی وزیراعظم سیباسٹین لیکورنو نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔
گرمی کی لہر سے متعلق ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 18 جون سے اب تک ملک بھر میں ڈوبنے کے مختلف واقعات میں 40 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جن میں زیادہ تر نوجوان شامل ہیں۔
انہوں نے ان واقعات کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ غیر معمولی گرمی کے باعث بڑی تعداد میں لوگ دریا، جھیلوں، ساحلی علاقوں اور دیگر آبی مقامات کا رخ کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ڈوبنے کے حادثات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ادھر فرانس کے محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں ہیٹ ویو الرٹ برقرار رکھتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
حکام نے شہریوں کو شدید گرمی کے دوران غیر محفوظ مقامات پر نہانے سے گریز، زیادہ پانی پینے، دھوپ میں غیر ضروری نکلنے سے بچنے اور سرکاری حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے۔
فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔
فرانس میں گرمی کی لہر، ڈوبنے سے 40 افراد جان کی بازی ہار گئے
