Baaghi TV

شوہر کے ہاتھوں قتل حنا ظلم سہتی رہی لیکن والدین کو دکھ سے بچانے کیلئے خاموش رہی

پنجاب کے شہر راولپنڈی میں ایک خاتون حنا جاوید کو مبینہ طور پر اس کے شوہر نے اپنے والد اور ملازم کے ساتھ مل کر قتل کردیا۔ پولیس نے مقتولہ کے شوہر فیصل اصغر اور ملازم کو گرفتار کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

مقتولہ کے اہلخانہ کے مطابق حنا جاوید کی شادی 9 ماہ قبل فیصل اصغر سے ہوئی تھی۔ شوہر مبینہ طور پر اسے کئی بار تشدد کا نشانہ بنا چکا تھا، تاہم حنا اپنے بیمار والدین کو مزید دکھ سے بچانے کے لیے خاموش رہی۔ایف آئی آر کے مطابق حنا کی لاش گھر کے باتھ روم سے ملی۔ اس کے ہاتھ پیچھے کی جانب بندھے ہوئے تھے جبکہ چہرے اور جسم پر تشدد کے نشانات موجود تھے۔ گلے میں تار لپٹی ہوئی تھی، گردن بظاہر ٹوٹی ہوئی تھی جبکہ منہ سے خون اور جھاگ بھی نکل رہا تھا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کا پوسٹ مارٹم کرایا جاچکا ہے جبکہ حتمی رپورٹ کا انتظار ہے۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے قتل کے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔مقتولہ کے شوہر فیصل اصغر کی یہ دوسری شادی تھی۔ اہلخانہ کے مطابق اس کی پہلی بیوی نے بھی مبینہ گھریلو تشدد اور اذیتوں کے باعث طلاق لے لی تھی۔مقتولہ کے بھائی فہد جاوید کی مدعیت میں تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ حنا کے سسر اصغر علی کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے، تاہم متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ انہیں تاحال گرفتار نہیں کیا گیا۔
اہلخانہ کے مطابق فیصل اصغر کو جنسی ہراسانی کے الزامات کے باعث اسلام آباد کی دو جامعات سے بھی برطرف کیا جاچکا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں نامزد تمام افراد کے کردار کا تعین شواہد اور تفتیش کی روشنی میں کیا جائے گا۔

More posts