Baaghi TV

400 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان، تربیت کے دوران 20 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دینے کا اعلان

لاہور: پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن نے ایک معروف ملٹی نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کے اشتراک سے 400 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کردیا ہے، جبکہ امیدواروں کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ بھرتی کیلئے واک اِن انٹرویوز 22 اگست 2026 کو منعقد ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق منتخب امیدواروں کو ملازمت سے قبل 3 ماہ کی لازمی تربیت دی جائے گی، جس کے دوران ہر امیدوار کو ماہانہ 20 ہزار روپے وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔

پی بی ٹی ای حکام کے مطابق تربیت کامیابی سے مکمل کرنے والے امیدواروں کو ماہانہ 45 ہزار روپے تنخواہ پر ملازمت کی پیشکش کی جائے گی۔ اس طرح کامیاب امیدواروں کیلئے تربیت کے بعد باقاعدہ روزگار کے مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔

حکام کے مطابق میٹرک اور ایف اے کی تعلیمی قابلیت رکھنے والے امیدوار اس بھرتی پروگرام میں براہِ راست انٹرویو کیلئے شرکت کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ امیدوار بھی اہل ہوں گے جو انٹرمیڈیٹ یا ڈی اے ای کے نتائج کے منتظر ہیں۔

اعلامیے کے مطابق درخواست دینے والے امیدواروں کی عمر 18 سے 32 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔

امیدواروں کے واک اِن انٹرویوز ہفتہ 22 اگست 2026 کو صبح 10 بجے پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن، 21-اے کشمیر بلاک، علامہ اقبال ٹاؤن، لاہور میں ہوں گے۔

انتظامیہ کے مطابق انٹرویو میں کامیاب قرار پانے والے امیدواروں کی تربیت کا آغاز انٹرویو کے فوراً بعد کردیا جائے گا۔

اہم بات یہ ہے کہ جن امیدواروں نے آن لائن پورٹل کے ذریعے پہلے سے درخواست جمع نہیں کرائی، انہیں بھی واک اِن انٹرویو میں براہِ راست شرکت کی اجازت ہوگی۔

More posts