اسلام آباد: براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے پانچ نیپالی کوہ پیماؤں کی میتیں اسلام آباد پہنچا دی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ مراد کے مطابق پانچوں کوہ پیماؤں کی میتیں ہوائی جہاز کے ذریعے اسلام آباد لائی گئیں، جہاں انہیں پمز اسپتال کے سرد خانے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ سفری دستاویزات کی تکمیل کے بعد میتیں نیپال روانہ کی جائیں گی۔حکام کے مطابق تقریباً ایک ہفتہ قبل براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے سے 10 کوہ پیما لاپتہ ہوگئے تھے۔ حادثے میں نیپالی، پاکستانی، چینی اور امریکی کوہ پیما شامل تھے۔ڈپٹی کمشنر حمزہ مراد کے مطابق معروف نیپالی کوہ پیما نرمل پرجا سمیت 8 کوہ پیماؤں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی اور ایک غیر ملکی خاتون کوہ پیما کی تلاش تاحال جاری ہے۔
براڈ پیک حادثے نے عالمی کوہ پیمائی برادری کو سوگوار کر دیا ہے، جبکہ لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
