بھارت میں کھیلوں کے حلقوں کو ہلا کر رکھ دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں شوٹنگ کے قومی کوچ انکوش بھردواج کو 17 سالہ نیشنل شوٹر کی جانب سے ریپ کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ دہلی میں منعقد ہونے والے شوٹنگ ایونٹ کے دوران پیش آیا، جہاں پرفارمنس کے جائزے کے بہانے کوچ نے مبینہ طور پر نوجوان شوٹر کو ہوٹل میں زیادتی کا نشانہ بنایا۔رپورٹس کے مطابق متاثرہ شوٹر نے واقعے کے بعد اپنے اہلِ خانہ کو اعتماد میں لیا، جس کے بعد فیملی کی جانب سے پولیس میں تفصیلی شکایت درج کرائی گئی۔ شکایت موصول ہونے پر ہریانہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انکوش بھردواج کو حراست میں لے لیا اور مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش مکمل شفافیت کے ساتھ کی جارہی ہے۔ متاثرہ شوٹر اور اس کے اہلِ خانہ سمیت متعلقہ افراد کے بیانات قلم بند کیے جارہے ہیں جبکہ واقعے کے شواہد اکٹھے کرنے کے لیے فرید آباد پولیس نے متعلقہ ہوٹل سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی طلب کرلی ہے تاکہ واقعے کی مکمل حقیقت سامنے لائی جاسکے۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق شوٹنگ ایسوسی ایشن نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے انکوش بھردواج کو فوری طور پر معطل کردیا ہے اور ادارہ جاتی سطح پر بھی اندرونی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک کوچ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اگر الزامات ثابت ہوئے تو زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت فیصلہ کیا جائے گا۔
