ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ غرور میں ڈوبا ہوا ایک شخص پوری دنیا کے فیصلے کر رہا ہے اور اسے یہ سمجھنا چاہیے کہ اقتدار کے عروج پر طاقتور حکمرانوں کے ساتھ کیا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ فرعون، نمرود اور رضا شاہ کے ساتھ جو انجام ہوا، وہی ٹرمپ کے ساتھ بھی ہوگا۔ یہ بیان آیت اللہ خامنہ ای نے سوشل میڈیا پر جاری کیا۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی امریکا اور اسرائیل کو ایران میں جاری فسادات کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ ایرانی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل ایرانی عوام کو ہدایات دے رہے ہیں کہ وہ تخریب کاری کریں، اور یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے ماضی میں ایران پر حملے کیے۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ کسی غیر ملکی کو ایرانی قوم میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران مذاکرات کرنے کا خواہاں ہے اور ملاقات کا انتظام کیا جا رہا ہے، جبکہ ایران کے خلاف طاقتور آپشنز پر غور جاری ہے۔
فرعون، نمرود اور رضا شاہ جیسا انجام ٹرمپ کا ہوگا: آیت اللہ خامنہ ای
