وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہیڈکوارٹرز فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ) کا دورہ کیا، آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ نے وزیرِ داخلہ کا استقبال کیا۔
دورے کے موقع پر وزیر داخلہ نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور ملک کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ کو بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، درپیش چیلنجز اور سیکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے مستقبل کی حکمتِ عملی پر بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ داخلہ نے اس موقع پر ایف سی بلوچستان نارتھ اور سیکورٹی اداروں کی دہشت گردی کی خلاف مسلسل کاروائیوں اور امن کے قیام کے لئے کی گئی انتھک کوششوں اور شاندار کارکردگی کو سراہا ۔
