Baaghi TV

گل پلازہ نقصانات،حکومت ازالہ کرے گی، وزیراعلیٰ سندھ

murad ali shah

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گل پلازہ میں آگ سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ حکومت کرے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی کوشش زندگیاں بچانے کی ہے، کوشش ہے جو لاپتا ہیں وہ جلد مل جائیں، کئی منزلہ عمارت کی اجازت بغیر کسی اسٹڈی کے دی گئی، فائر آڈٹ کا کہا جائے تو بلڈرز کہتے ہیں نا انصافی ہورہی ہے،تاجروں کا جو نقصان ہوا ہے اس کا ازالہ کریں گے، جس کی جان گئی ہے اس کا کوئی ازالہ ہو ہی نہیں سکتا، افسوس کی بات ہے کہ کچھ لوگ اس سانحے پر بھی سیاست کر رہے ہیں، پہلا فائر ٹینڈر وقت پر پہنچا تھا، اگر کسی کی کوتاہی ہو گی تو اس کو سزا ملے گی

دوسری جانب گل پلازہ میں لوگوں کی زندگیاں بچاتے ہوئے جان کی بازی ہارنے والے فائر فائٹر شہید فرقان علی کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی،فرقان ایک بچے کا باپ تھا جو گل پلازہ میں لگی آگ بجھاتے ہوئے انتقال کرگیا، فرقان علی کے اہل خانہ نے اپیل کی ہے کہ ان سے سرکاری گھر نہ لیا جائے اور فرقان کی اہلیہ کو ملازمت دی جائے۔

واضح رہے کہ کراچی کےگل پلازہ میں لگی آگ 33 گھنٹے بعد مکمل طورپربجھادی گئی، سرچ آپریشن کے دوران مزید 8 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 14ہوگئی جب کہ 22 افراد زخمی ہوئے،ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آگ ہفتے کی رات سوا 10 بجے کے قریب لگی، گراؤنڈ فلور پر لگنے والی آگ دیکھتے ہی دیکھتے تیسری منزل تک پہنچی، خوفناک آتشزدگی سے عمارت کے کئی حصے گرگئے۔

More posts