لاہور میں آئل ٹینکر کے خفیہ خانوں سے نو کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لی گئی، جن میں ویڈ اور افیون شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے خفیہ اطلاعات پر موٹروے ایم ون پر کارروائی کرتے ہوئے برہان ریسٹ ایریا کے قریب ایک آئل ٹینکر کو روکا اور تلاشی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی۔
ترجمان پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے مطابق آئل ٹینکر کے خفیہ خانوں سے مجموعی طور پر ایک ہزار ایک سو چالیس کلو گرام ویڈ اور افیون برآمد ہوئی، جس کی مالیت تقریباً نو کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ منشیات لاہور، شیخوپورہ، ملتان اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں اسمگل کی جا رہی تھیں۔
کارروائی کے دوران اسمگلنگ میں ملوث ایک ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا، جس کے خلاف پنجاب کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹنسز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
آئل ٹینکر سے نو کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد، ملزم گرفتار
