Baaghi TV


بلوچستان اور پاکستان ریلویز کا مشترکہ اجلاس، پیپلز ٹرین سروس ,دیگر منصوبوں پر اتفاق


وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پاکستان ریلویز اور حکومت بلوچستان کا مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں پیپلز ٹرین سروس سمیت مختلف جوائنٹ وینچر منصوبوں پر اصولی اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلویز کی 78 سالہ تاریخ میں پہلی بار صوبائی سطح پر ڈیولوشن کا تاریخی فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ مقامی ریلوے سروسز میں تینوں صوبوں نے دلچسپی ظاہر کی اور عملی قیادت بلوچستان نے سنبھالی ہے۔
‎وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریلویز بلوچستان میں جدید اور مؤثر حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے اور پیپلز ٹرین سروس پاکستان ریلویز اور حکومت بلوچستان کے باہمی اشتراک کی شاندار مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر تیز رفتار اور عملی پیش رفت کی ضرورت ہے۔
‎بلوچستان حکومت نئے ریلوے اسٹیشنز کی تعمیر اور موجودہ انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے مطلوبہ وسائل فراہم کرے گی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بتایا کہ پیپلز ٹرین سروس کے لیے ایک ارب چالیس کروڑ روپے رواں ہفتے جاری کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سریاب سے کچلاک پیپلز ٹرین سروس کی کامیابی کے بعد مستونگ سے پشین اور دیگر علاقوں تک دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔
‎وفاقی وزیر ریلویز اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ریلویز فٹ بال گراؤنڈ کا دورہ بھی کیا اور کھیلوں کے فروغ کے ساتھ پاکستان ریلویز کی اراضی پر مشترکہ منصوبوں کے آغاز پر اتفاق کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ریلوے سسٹم کی بحالی اور عوام کو سستی اور محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

More posts