امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر بسنت کی تقریبات میں شرکت کے لیے لاہور کے دہلی گیٹ پہنچیں، جہاں پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
بسنت کے موقع پر نیٹلی بیکر اور امریکی سفارتی وفد نے روایتی لباس زیب تن کیا اور پتنگ بازی میں حصہ لیا۔ ان خوشگوار لمحات میں لاہور میں تعینات امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز بھی وفد کے ہمراہ موجود تھے۔
تقریب کے دوران مریم اورنگزیب نے امریکی سفیر، قونصل جنرل اور انڈر سیکریٹری کو پتنگ اڑانے کے طریقے سکھائے اور بسنت کے حوالے سے کی گئی خصوصی سجاوٹ اور انتظامات سے آگاہ کیا۔
امریکی وفد نے پتنگ بازی کے ساتھ ساتھ لاہوری کھانوں، مقامی ثقافت اور پاکستانی مہمان نوازی کو بھی سراہا۔
اس موقع پر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ثقافتی سرگرمیاں قوموں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، جبکہ بسنت جیسے تہوار پاکستان کی پُرامن اور مثبت شناخت کو اجاگر کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر رسمی ماحول میں ہونے والی ایسی ملاقاتیں باہمی اعتماد اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بناتی ہیں۔
امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کی لاہور میں بسنت کی تقریبات میں شرکت
