دنیا بھر میں مقبول ہونے والے جنریٹیو آرٹی فیشل انٹیلی جنس چیٹ بوٹس میں چیٹ جی پی ٹی سرفہرست شمار ہوتا ہے۔ اوپن اے آئی کی جانب سے تیار کیا گیا یہ پلیٹ فارم سوالات کے جواب دینے، کوڈنگ میں مدد فراہم کرنے، تحریری مواد تیار کرنے اور مختلف موضوعات پر رہنمائی دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنیاں اب اسی طرز کی اے آئی کو مزید بہتر بنانے پر کام کر رہی ہیں۔ مگر اکثر صارفین یہ نہیں جانتے کہ جی پی ٹی دراصل کن الفاظ کا مخفف ہے۔
جی سے کیا مراد ہے؟
جی کا مطلب ہے "جنریٹیو”۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ سسٹم نیا متن تخلیق کر سکتا ہے۔ یہ صرف موجودہ معلومات کا تجزیہ نہیں کرتا بلکہ سیکھے گئے پیٹرنز کی بنیاد پر نیا جواب تیار کرتا ہے۔ جنریٹیو اے آئی ڈیپ لرننگ پر مبنی ہوتی ہے، جو انسانی دماغ کے کام کرنے کے انداز سے متاثر ایک طریقہ ہے۔
پی کس چیز کی نمائندگی کرتا ہے؟
پی سے مراد "پری ٹرینڈ” ہے۔ یعنی اس ماڈل کو پہلے ہی وسیع ڈیٹا پر تربیت دی جا چکی ہوتی ہے۔ چیٹ جی پی ٹی کو اربوں الفاظ پر مشتمل ڈیٹا سیٹس سے تربیت دی گئی، جن میں ویب پیجز، کتابیں اور دیگر تحریری مواد شامل تھا۔ تربیت کے بعد ماڈل کو عوام کے لیے پیش کیا گیا۔ بعد ازاں انسانی فیڈ بیک کے ذریعے اس کی کارکردگی مزید بہتر کی جاتی ہے۔
ٹی کا مطلب کیا ہے؟
ٹی سے مراد "ٹرانسفارمر” ہے۔ یہ ایک نیورل نیٹ ورک آرکیٹیکچر ہے جو متن کو چھوٹے حصوں یا ٹوکنز میں تقسیم کرکے سیاق و سباق کو سمجھتا ہے اور پھر جواب تیار کرتا ہے۔ یہی ٹیکنالوجی اسے لمبی گفتگو کو سمجھنے اور مربوط جواب دینے کے قابل بناتی ہے۔
مجموعی طور پر جی پی ٹی ایک لارج لینگوئج ماڈل ہے جو ڈیپ لرننگ اور نیورل نیٹ ورکس کی مدد سے زبان کو سمجھنے اور تخلیق کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
نام کیسے رکھا گیا؟
اوپن اے آئی کے عہدیداروں کے مطابق ابتدا میں اسے "چیٹ ود جی پی ٹی 3.5” کہا جا رہا تھا، تاہم متعارف کرانے سے قبل ایک میٹنگ میں نام کو مختصر اور سادہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ یوں "چیٹ جی پی ٹی” کا نام سامنے آیا، جو بعد میں دنیا بھر میں پہچان بن گیا۔
چیٹ جی پی ٹی میں جی، پی اور ٹی کا مطلب کیا ہے؟
