Baaghi TV

بنگلادیش: 10 نئی سیاسی جماعتیں سامنے آگئیں، 45 لاکھ نئے ووٹرز کا اضافہ

police

‎بنگلادیش کے الیکشن کمشنر بریگیڈیئر (ر) ابوالفضل محمد ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات سے قبل 10 نئی سیاسی جماعتیں سامنے آئی ہیں جبکہ ووٹر لسٹ میں 45 لاکھ نئے ووٹرز کا اضافہ ہوا ہے۔
‎پریس بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق 60 رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں میں سے 50 جماعتیں عام انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔
‎انہوں نے کہا کہ ملک میں پارلیمانی انتخابات کے ساتھ ساتھ آئینی اور قانونی اصلاحات سے متعلق ریفرنڈم بھی کرایا جا رہا ہے، جس کے باعث انتخابی عمل کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
‎الیکشن کمشنر کے مطابق نئی ووٹر لسٹ میں 45 لاکھ افراد کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ سابقہ فہرست میں شامل 20 لاکھ ووٹرز انتقال کر چکے تھے۔
‎انہوں نے انتخابی اخراجات کی حد سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہر امیدوار کو اپنے حلقے میں فی ووٹر 10 ٹکا خرچ کرنے کی اجازت ہے۔ اگر کسی حلقے میں 3 لاکھ ووٹرز ہیں تو امیدوار زیادہ سے زیادہ 30 لاکھ ٹکا خرچ کر سکتا ہے۔
‎ابوالفضل محمد ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ڈھائی لاکھ سے کم ووٹرز والے حلقوں میں بھی اخراجات کی بالائی حد 25 لاکھ ٹکا مقرر کی گئی ہے۔ مقررہ حد سے تجاوز کی صورت میں قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ ان کے مطابق تمام امیدواروں کو ضابطہ اخلاق کے تحت شفاف انتخابی مہم چلانا ہوگی۔

More posts