بھارت کی ریاست جھارکھنڈ میں ایک نجی ائیر ایمبولینس طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں سوار تمام 7 افراد ہلاک ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق طیارہ رانچی سے دہلی جا رہا تھا کہ ٹیک آف کے چند ہی لمحوں بعد ریڈار سے غائب ہو گیا۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن کے ذرائع کے مطابق طیارہ پرواز بھرنے کے فوراً بعد لاپتہ ہوا۔ بعد ازاں اطلاع ملی کہ طیارہ ضلع چترا کے علاقے سِمریا میں گر کر تباہ ہو گیا۔حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ نجی کمپنی Redbird Airways Pvt Ltd کے زیرِ انتظام چلایا جا رہا تھا۔ ائیر ایمبولینس رانچی سے دہلی مریض کو منتقل کرنے کے لیے روانہ ہوئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق طیارے میں ایک مریض، ڈاکٹر، پیرا میڈک، تیماردار اور عملے کے ارکان سمیت مجموعی طور پر 7 افراد سوار تھے۔ مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ انتہائی شدید نوعیت کا تھا اور زندہ بچ جانے کے امکانات نہ ہونے کے برابر تھے۔بعد ازاں حکام نے تصدیق کی کہ تمام سوار افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ سول ایوی ایشن حکام نے باضابطہ انکوائری کا اعلان کر دیا ہے۔
