Baaghi TV

‎پنجاب ایپکس کمیٹی اجلاس، سیکیورٹی صورتحال اور کچے کے علاقوں میں اقدامات کا جائزہ

cm

‎وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، امن و امان اور ترقیاتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
‎اجلاس میں آپریشن ضرب للحق میں کامیابی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے کرنل گل فراز اور دیگر شہدا کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
‎اجلاس میں اداروں کے درمیان مؤثر تعاون اور اشتراک کار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے انخلا اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات پر زور دیا گیا۔
‎مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے مگر ملک کی قیادت اور اداروں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران جنگ کے بعد پنجاب میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فوری اقدامات کیے گئے اور پولیس کو ہدایت دی گئی کہ پرامن مظاہرین کے ساتھ احترام اور تحمل سے پیش آئے۔
‎وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کچے کے علاقوں میں سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے سیف سٹی، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں تقریباً 10 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں جبکہ 1500 اہلکار تعینات کیے جائیں گے اور بلٹ پروف گاڑیاں بھی فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سماج دشمن عناصر کی ڈیجیٹل نگرانی ضروری ہے جبکہ چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ اجلاس میں کمانڈر لاہور کور سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔

More posts