اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار مشیل باشلیٹ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مشیل باشلیٹ کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی تعاون کے فروغ اور عالمی مسائل کے حل میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار پر مکمل یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی امن اور استحکام کے لیے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں پر مکمل عمل درآمد ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی معاہدوں پر مؤثر عمل درآمد عالمی نظام کے استحکام کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ اقوام متحدہ کے تین بنیادی ستون، یعنی امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق، پر متوازن انداز میں پیش رفت کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے عالمی ترقیاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کو تیز کرنے اور مختلف ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات اور مؤثر بین الاقوامی شراکت داری وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
اس موقع پر مشیل باشلیٹ نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے تاریخی کردار اور خدمات کو سراہا۔ انہوں نے عالمی امن، علاقائی استحکام اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی مسلسل اور مؤثر شراکت کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے اور عالمی برادری اس کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، عالمی تعاون اور اقوام متحدہ کے کردار سے متعلق مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اقوام متحدہ کی سیکریٹری جنرل کی امیدوار مشیل باشلیٹ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات
